اڈپی 24؍نومبر (ایس او نیوز)باڈا بیٹو بائیلور نامی مقام پر چھرا گھونپنے کے بعد پتھرسے کچل کر ایک شخص کواس کے اپنے گھر کے اندر ہلاک کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مقتول کا نام وسنت کمار (45سال) ہے جو واسوکی نگرمیں اپنی بڑی بہن کے ساتھ رہتاتھا۔ صبح ساڑھے دس بجے کے وقت وسنت کمار کے گھر سے چیخیں سنائی دیں۔تب پڑوس کے کچھ لوگ مدد کو دوڑ پڑے تو دیکھا کہ وسنت گھر کے پچھلے دروازے کے پاس رکھے ہوئے کچرے کے ڈبے کے قریب زخمی ہاتھ حالت میں پڑا ہے اس کے زخموں سے بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا۔ اس کے قریب ایک مڑا ہوا چاقو اور ایک بڑ اپتھر پڑا ہواتھا جو کہ اس کو قتل کرنے کے لئے استعمال کیاگیا تھا۔ زخمی وسنت کمار کو علاج کے لئے اسپتال میں منتقل تو کردیا گیا مگراس نے کچھ ہی گھنٹوں بعد دم توڑ دیا ۔ حالانکہ اڈپی میں جاری دھرم سنسد کے حفاظتی بندوبست میں پولیس پوری طرح مشغول ہے، مگراس قتل کی تحقیقات میں بھی اس نے مستعدی سے کام لیا ہے اور پتہ چلا ہے کہ کچھ اہم سراغ اس کے ہاتھ لگے ہیں۔